اسلام آباد(طارق محمودسمیر) پارلیمنٹ ہاؤس سیپی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاری نے سیاسی ماحول میں ہلچل مچادی اور یہ معاملہ سنگین اور افسوسناک بھی ہے ، پولیس کے اس اقدام پر کڑی تنقیدکی جارہی ہے جب پی ٹی آئی اسے پارلیمان پرحملہ قراردے رہی ہے۔
،سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو فوری طور پر گرفتار ارکان اسمبلی کی رہائی کا حکم دیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی کے طلب کرنے پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی ان کے چیمبر پہنچے۔
ایاز صادق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس واقعے پر بہت رنجیدہ ہوں نہ آپ پارلیمنٹ ہاؤس سے کسی کو گرفتار کر سکتے ہیں نہ پارلیمنٹ لاجز سے، تاہم سپیکرکے احکامات پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوسکا، پی ٹی آئی کے جن 11 رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا اُن میں پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، شیر افضل خان مروت، شیخ وقاص اکرم، ملک عامر ڈوگر، مخدوم زین قریشی، احمد چٹھہ، سید احد شاہ، شعیب شاہین، سید نسیم شاہ، زبیر خان اور ایک خیبر پختونخواہ کے رکن قومی اسمبلی بھی شامل ہیں اور صرف بیرسٹرگوہرعلی کو رہاکیاگیا ہے۔
ملکی قوانینکے مطابق کسی رکن قومی اسمبلی کی گرفتاری سپیکر اسمبلی کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکتی،چنانچہ پولیس کی اس معاملے میں غیرذمہ داری واضح ہے ، اسلام آباد پولیس کاموقف ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو اتوار کو منعقدہ جلسے میں خلافِ ضابطہ اقدامات کرنے پر گرفتار کیا گیا،
پی ٹی آئی نے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ وقت کے اندر جلسہ ختم نہیں کیا جبکہ جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے کارکنان نے ممنوعہ روٹ استعمال کیا ،یقیناً جلسے میں کی گئی تقاریر اور معاہدے کی خلاف ورزی پر کارروائی اپنی جگہ لیکن پی ٹی آئی ارکان کو اس بنیاد پر پارلیمنٹ سے گرفتار کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
سپیکرکو آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے معاملے کی مکمل انکوائری کروا کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنانی چاہئے،ادھرجلسے کے بعد سے پراسرارطور پر لاپتہ ہونے والے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورپشاور پہنچ گئے ہیں لیکن ان کے لاپتہ ہونے کی وجہ،مبینہ ملاقاتوں کے حوالے سے تجسس باقی ہے بعض حلقے یہ کہہ رہے ہیں کہ علی امین گنڈا پور خود مقتدر حلقوں کوملنے گئے لیکن بات نہیں بن سکی ،اسی لئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی پھرسے سخت موقف اختیارکرلیااور اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے دروازے بند کرنے اور گنڈاپورکی جلسے میں کی گئی سخت تقریرپر ان کے ساتھ کھڑے ہونے کااعلان کیا ہے۔
عمران خان اس سے پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات نہ کرنے کے کئی بات اعلانات کرچکے ہیں جس کے بعد یوٹرن لے لیتے رہے ہیں اور خود آرمی چیف سے مذاکرات کی پیشکش کرتے رہے ہیںحتیٰ کہ انہوں نے مذاکرات کے لیے چھ رکنی کمیٹی بھی بنائی اس لئے تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ عمران خان کااب اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت نہ کرنے کے اعلان کو بھی حتمی نہیں لیاجاناچاہئے
تاہم اگر پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے جارحانہ طرزعمل کی روش جاری رہی تو آنے والے دنوںمیں ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں مزیداضافہ ہوگا ،لیکن اس جارحانہ طرز سیاست سے معاملے حل ہونے یاپی ٹی آئی کے لیے کسی قسم کے ریلیف کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی بانی پی ٹی آئی اگر سنجیدہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں اور ان کی پارٹی مزیدکسی آزمائش کا شکارنہ ہوتو انہیں محمودکان اچکزئی کے فارمولے پر عمل کیوں کرلیناچاہئے۔








