پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ شعیب شاہین بٹیر نہیں پکڑ سکتے، ان پر پستول پکڑنے کا الزام ہے۔
اسمبلی اجلاس میں شیر افضل مروت نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ابھی جو تجربہ ہوا کچھ اچھی چیزیں ذہن میں سما گئی ہیں، اسپیکر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر طرف نفرت پھیلی ہوئی ہے، اسپیکر کی جانب سے تحویل میں ہمارے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، رانا ثناء اللّٰہ، سعد رفیق یا دوسرے کسی پر کوئی غلط کیس بنا تو میں مذمت کرتا ہوں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ اگر ہماری حکومت بنی اور کسی کے گریبان پر ناحق ہاتھ ڈالا گیا تو میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔
انہوں نے بتایاکہ مجھے گیٹ پر روکا گیا، میں نے وارنٹ مانگا لیکن پولیس نے وارنٹ نہیں دکھایا، ہمارے ایم این ایز کے ساتھ بھی گارڈ تھے ۔
شیرافضل مروت کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا کہ پولیس کسی اور کے لیے آئی ہے، مجھے بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا، میری گاڑی میں 5 کلاشنکوفیں اور میرا ذاتی پستول پڑا تھا جو ابھی تک واپس نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ میں نے پولیس اہلکاروں کے کپڑے پھاڑے لیکن کوئی ثبوت، کوئی دلیل ان کے پاس نہیں ہے۔
شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک بڑا جلسہ ہوا، پورے پاکستان نے دیکھا، اتنی بڑی دہشت گردی ہو گئی، نہ پولیس نے ہینڈ آؤٹ جاری کیا اور نہ میڈیا کو پتہ چلا۔