اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیرقانون راناثناء اللہ نے کہاہے کہ ججوں کی ریٹائرمنٹ کی مدت بڑھانے کی آئینی ترمیم پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثناء اللہ نے کہاکہ آئینی ترمیم کے لیے ہمارے پاس اسمبلی میں نمبرزپورے نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورکی افغانستان سے مذاکرات کی بات قابل مذمت ہے،آئین اس کی ہرگز اجازت نہیں دیتا اگرانہوں نے کوئی خلاف آئین کام کیاتو کارروائی ہوگی۔انہوںنے کہاکہ علی امین گنڈا پور نے جلسے میں جو تقریرکی وہ بہت نازیبااور قابل افسوس تھے، اس پر پوری پی ٹی آئی معافی مانگنے اور معذرت پر کرنے پر لگی تھی تاہم پارلیمنٹ واقعہ سے انہیں تھوڑریلیف مل گیا۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ جن لوگوں کو پارلیمنٹ سے گرفتار کیا گیا ان پر مقدمہ درج تھا، پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتار نہیں کیا جانا چاہیے تھا، اجلاس کے بعد نہ کوئی اسمبلی میں چھپ سکتا ہے اور نہ کوئی گرفتار کرسکتا ہے، پولیس کہتی ہے کہ باہر سے گرفتار کیا، یہ کہتے ہیں کہ کوئی پارلیمنٹ کے اندر سے لے گیا اور پولیس کے حوالے کیا، میں کہتا ہوں کہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درخواست دیں، مقدمہ درج کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جلسے میں انکی نیت تقاریر سے واضح ہے سیاسی جلسہ نہیں تھا، ان کا کوئی پولیٹیکل ایجنڈا نہیں، 9 مئی کی تیاری کر رہے ہیں، لاہور اور اڈیالہ سے متعلق جو علی امین نے باتیں کیں تو لاہور آنے سے روکا جائے، یہ لوگ لاہور آئیں اپنے سیاسی نظریات کو درست کریں، یہ لوگ اپنی سوچ درست کریں، پورے ملک میں جلسے کریں۔








