بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

24 کروڑ عوام نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کا مینڈیٹ دیا ،وزیراعظم

اسلام آباد :وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے ۔ وزیراعظم نےوفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ معاشی اشاریوں میں حالیہ بہتری انتہائی خوش آئند ہے ،گزشتہ ماہ پچھلے کئی سالوں میں پہلی بار افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آگئی ۔انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کی ہے جس سے پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی جو عوام کو ریلیف پہنچانے کی حکومتی کوششوں کے حوالے سے ایک اور کاوش ہے ،اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس کے فضل و کرم سے ملک و قوم کی لیے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں ، ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت کو وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم نے کہاکہ آئین میں ترمیم اور قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے ،24 کروڑ عوام نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کا مینڈیٹ دیا،مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد عوام کو انصاف کی فوری اور موثر فراہمی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی مشاورت میں اپنا کردار ادا کریں گے ،آنے والے دنوں میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ مزید بات چیت اور مشاورت سے کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔