لاہور(شوبز ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے اپنی 32ویں سالگرہ کا شاندار جشن منالیا۔
ماورا حسین نے کئی ڈراموں میں متاثر کن کردار ادا کیے ہیں جن میں ’نوروز‘، ’ثبات‘، ’آنگن‘ اور دیگر شامل ہیں لیکن اسی کے ساتھ انکی وجہ شہرت سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہنا ہے جہاں وہ اپنی دلکش پوسٹس سے مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔
ماورا حسین کا ویسے تو 28 ستمبر زندگی کا سب سے زیادہ خاص دن تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس دن انکی پیدائش ہوئی تھی لیکن ستمبر کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی اداکارہ سالگرہ کے ایک سے زائد جشن مناتی نظر آتی ہیں۔
گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی ماورا حسین نے اس روایت کو برقرار رکھا اور ماہ ستمبر میں کئی بار سالگرہ کا کیک کاٹا جس کیلئےکبھی انہیں اپنی فیملی کیساتھ دیکھا گیا تو کبھی وہ اپنے دوستوں کیساتھ یادگار لمحات سمیٹتی نظر آئیں۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماورا حسین نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں 32 ویں سالگرہ کا خاص جشن مناتے دیکھا گیا۔
مذکورہ پوسٹ میں اداکارہ ’حمزہ انور ڈیزائن ہاؤس’ کے شاہکار میں ملبوس ہیں جس میں سلور چکمتی شرٹ اور پلازو شامل تھا۔جبکہ لباس سی میچنگ سلور ہیل اور کلچ میں ماورا حسین نے اس انداز سے کیمرے کے سامنے پوز دیا کہ مداح انکی تعریف کیے بنا نہ رک سکے۔
علاوہ ازیں ماورا حسین اپنے حسن کو بھارتی گانے ’دیوانہ ہے دیکھو’ کے بول ‘آنکھوں میں ڈوب جانے کو’ سے بیان کرکے مرکز نگاہ بھی بن گئیں۔
خوبصورت پوسٹ کے کیپشن میں ماورا نے لکھا کہ،’”اگر میں نے یہ بات کافی بار نہیں کہی تو میں اب 32 کی ہوگئی ہوں۔’
دوسری جانب ماورا حسین کی پوسٹ پر پاکستانی شخصیات اور مداحوں سمیت بھارتی اداکارہ مونی رائے بھی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے سے خود کو نہ روک سکیں۔
یاد رہے کہ ماورا حسین نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا اور 2016 میں بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ میں اداکار ہرشوردھن کے ساتھ کام کیا اور صرف ایک ہی فلم سے بالی وڈ کی دنیا میں اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہیں۔









