بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شاہد کپور ساؤتھ فلموں میں کام کرنے سے خوفزدہ کیوں؟

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے ساؤتھ فلموں میں کام نہ کرنے کی اہم وجہ پر سے پردہ ہٹا دیا۔

فلم ‘ جب وی میٹ’ میں ایک چاکلیٹی ہیرو اور پھر ‘کبیر سنگھ’ میں ایک پُرتشدد ولن نما ہیرو کے کرداروں کو اپنی بہترین اداکاری سے سُپر ہٹ بنانے والے اداکار شاہد کپور بالی وڈ متوالوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔

تاہم اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ شاہد کپور کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے صرف اور صرف اپنے کیرئیر کو بالی وڈ فلم نگری تک ہی محدود رکھا اور اسی میں صبر شکر کرلیا۔

اگرچہ کئی فنکار بالی وڈ سے نکل کر دیگر فلم انڈسٹری میں اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں وہیں شاہد کپور نے انڈسٹری سے قدم باہر نہ نکالنے کی وجہ بتاکر سب کی توجہ حاصل کرلی۔

حال ہی میں اداکار شاہد کپور نے تمام زبانوں میں فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، لیکن انہوں نے جنوبی بھارتی فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اپنے خوف کا بھی انکشاف کیا۔

گزشتہ چند سالوں میں تامل، تیلگو اور کناڈا فلموں کی زبردست کامیابی اور باکس آفس پر چھا جانے کی وجہ سے جنوبی بھارتی سینما ہر بالی وڈ اداکار کی اگلی منزل بن چکا ہے، جس میں دیپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ، جھانوی کپور، بوبی دیول، سیف علی خان، دیشا پٹانی، امیتابھ بچن، سنجے دت اور دیگر شامل ہیں جو ان فلموں میں کام کر رہے ہیں۔

تاہم، شاہد کپور ان چند اداکاروں میں سے ہیں جو اب تک بالی وڈ کے علاوہ کسی اور فلم انڈسٹری میں نظر نہیں آئے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد کپور نے بتایا کہ،’میں ہر زبان میں کام کرنا چاہتا ہوں، لیکن مجھے اس بات کا خوف ستاتا ہے کہ اگر لوگوں کو میری بات سمجھ نہ آئی تو کیا ہوگا؟

شاہد کپور کا کہنا تھا کہ،’میرے لیے تامل، تیلگو، ملیالم اور کناڈا سب ایک جیسے ہیں کیونکہ میں ان میں سے کوئی زبان نہیں جانتا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ،’ تو اگر کوئی ہدایتکار مجھ پر بھروسہ کرے، تو میں جنوبی فلموں میں کام کرنا پسند کروں گا۔’