کراچی (نیوز ڈیسک) قابل ذکر سیاسی جماعتوں کی سوشل میڈیا ٹیموں کے ہیڈز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی ذمہ دار پی ٹی آئی خصوصاً عمران خان ہیں، تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر پاکستان میں ہونے چاہئیں تاکہ کسی شکایت پر انہیں رپورٹ کیا جاسکے، سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کیخلاف حالیہ کریک ڈاؤن بالکل ٹھیک ہے،سوشل میڈیا کے حوالے سے قوانین موجود ہیں مگر اس پر بلاتفریق عملدرآمد نہیں ہوتا، پاکستان میں سوشل میڈیا پر کسی نہ کسی سطح پر چیک ہونا چاہئے۔
پیپلز پارٹی کی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر ذوبیہ خورشید راجہ ،عوامی نیشنل پارٹی کے سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر سیف اللہ فضل،مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم کے ہیڈ عاطف رؤف،جماعت اسلامی سوشل میڈیا ٹیم کے شمس الدین انجم،جمعیت علمائے اسلام کے سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر سمیع الحق سواتی، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی سابق رکن ڈاکٹر عائشہ نویدنے ان خیالات کا اظہار جیو کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی سابق رکن ڈاکٹر عائشہ نوید نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ 2013ء سے کام شروع کیا تھا، پی ٹی آئی گالم گلوچ اور ذاتی حملوں کو پسند کرتی ہے، سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو سب سے زیادہ پروموٹ پی ٹی آئی نے کیا ہے، باقی سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی کو دیکھ کر یہ کام شروع کیا۔
سیاسی لیڈروں نے ٹھیک نہیں ہونا ان سے یہ توقع کرنا عبث ہوگا، تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر پاکستان میں ہونے چاہئیں تاکہ کسی شکایت پر انہیں رپورٹ کیا جاسکے، سوشل میڈیا کیلئے قوانین پر عملدرآمد کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی ہونی چاہئے، سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کیخلاف حالیہ کریک ڈاؤن بالکل ٹھیک ہے۔
پیپلز پارٹی کی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر ذوبیہ خورشید راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے ذاتی مفاد کیلئے سوشل میڈیا کو گندا کیا، پی ٹی آئی نے غلیظ ٹرینڈ چلا کر معاشرے میں مزید گندگی پھیلائی، پیپلز پارٹی کی سیاسی تربیت بہت اچھی ہوتی ہے۔
پیپلز پارٹی نے جتنے اچھے انداز میں سوشل میڈیا کا استعمال کیا کسی دوسری پارٹی نے نہیں کیا، ممکن ہے پی ٹی آئی کی گالم گلوچ کے جواب میں کسی پی پی کارکن نے انہی کی زبان میں انہیں جواب دیدیا ہو، ان لوگوں کو منطقی طور پر اپنی بات سمجھانے کی بہت کوشش کی، مجھے احساس ہوا یہ بددماغ لوگ ایک انسان کی ملازمت کرتے ہیں اسی کی لائن پر چلیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر سیف اللہ فضل نے کہا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال میں پہل پاکستان تحریک انصاف نے کی، پارٹی قیادت کی حوصلہ افزائی کے بغیر کارکن مخالفین کو گالم گلوچ کی جرأت نہیں کرسکتے۔
اے این پی کا فیصلہ ہے کہ نہ کسی کو ٹرول کیا جائے گا نہ کسی کو گالی دی جائے گی، ہم سوشل میڈیا پر صرف ایشو بیسڈ ٹرینڈ چلارہے ہیں۔ سیف اللہ فضل کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو صرف اے این پی جواب دیتی ہے۔