اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک تقریب کے دوران فوٹو سیشن کرواتے ہوئے مداح نے معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات کو چُھونے کی کوشش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
ایک معروف شخصیت ہونا بھی بہت مشکل ہے کیونکہ اکثر ان شخصیات کو ناخوشگوار واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا اندازہ مہوش حیات کی حالیہ وائرل ویڈیو سے لگایا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر مہوش حیات کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو کہ کسی تقریب کی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں فوٹو سیشن کے دوران مہوش حیات کا ایک مداح عقب سے ہاتھ بڑھاکر اُنہیں چُھونے کی کوشش کرتا ہے تاہم اداکارہ کے پیچھے کھڑے ایک شخص نے مداح کی یہ غیراخلاقی کوشش ناکام بنا دی۔
مداح کی اس غیراخلاقی حرکت پر ردّعمل دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرانگی ہورہی ہے کہ کس طرح مداح فنکاروں کو آسانی سے چُھونے کی کوشش کرتے ہیں۔
مہوش حیات نے کہا کہ مجھے اس واقعے کا علم نہیں تھا لیکن میں ریحان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ جنہوں نے مجھے ایسے آزاد خیال مداح سے محفوظ رکھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ لوگوں کو ریحان سے سیکھنا چاہیے کہ ایک مرد کیسا ہوتا ہے۔