اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاسکتے، ہم پیپلز پارٹی والوں کیلئے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، انہوں نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کیلئے راستہ بدلا یہ اچھی بات ہے۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اپوزیشن کے بندے پورے ہوگئے ہیں، بندے تو سارے اللہ کے ہیں، 172 آدمی اپوزیشن نے لانے ہیں، شور کس بات کا ہے،ناکامی آپ کا مقدر ہے، آپ کی سوئی تھرڈ امپائر کی جانب چلی جائے گی۔
’’172 آدمی اپوزیشن نے لانے ہیں، شور کس بات کا ہے‘‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں، عمران خان اس بحران سے نکلیں گے، شکر ہے آپ خود کہہ رہے ہیں امپائر نیوٹرل ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی طاقتیں ملک میں عدم استحکام چاہتی ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، معاشی بحران کا امکان ہے، اپوزیشن بتائے کس طرح اس ملک کو چلائے گی۔
’’22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی‘‘
شیخ رشید نے بتایا کہ 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی، 23 مارچ کو تاریخی پریڈ ہے جس میں جے ٹین سی بھی فلائی کریں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ پہلی بار اس ملک میں سامراج کے خلاف آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
’’یہ اسپیکر کے خلاف آئیں یا وزیراعظم کے خلاف، یہ ہاریں گے‘‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اسپیکر کے خلاف آئیں یا وزیراعظم کے خلاف، یہ ہاریں گے،ہمیں ووٹوں کا تقسیم ہونا سوٹ کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں 2023 میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کا مقابلہ ہوگا،یہ عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی، اپوزیشن پر عدم اعتماد ہوگا،عمران خان ان ساروں کو ایک ہی ٹوکرے میں بند کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک زلزلے، سیلاب اور بیماریوں سے نہیں انتشار سے تباہ ہوتے ہیں۔