بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کورکمیٹی کااجلاس، استعفوں کی تصدیق کیلئے سپیکرکے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کورکمیٹی کااجلاس، استعفوں کی تصدیق کیلئے سپیکرکے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے استعفوں کی تصدیق کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ کور کمیٹی کا اجلاس پارٹی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں ہوا جس میں لانگ مارچ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور ملک کی معاشی صورتحال کابھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں عدالتوں میں دائر درخواستوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ ہوئی، لانگ مارچ سےمتعلق آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، پنجاب کی سیاسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قانونی تجاویز پر غور کیا گیا۔عمران خان نے کورکمیٹی کو آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ مستعفی ارکان استعفوں کی تصدیق کے لئے سپیکرقومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔اسی طرح مہنگا ئی مارچ کے حوالے سے فیصلہ 15جون کے بعد کیا جائے گا،کور کمیٹی نے عمران کی گرفتاری کی صورت میں حکمت عملی تیار کرلی ۔دریں اثنا تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس سے قبل بنی گالہ پہنچنے والے فیاض الحسن چوہان گیٹ پر روکنے پر ناراض ہوگئے۔ فیاض الحسن چوہان کورکمیٹی اجلاس میں شرکت کے لیے بنی گالہ پہنچے تو ان کو گیٹ پر روک لیا گیا جس پر فیاض الحسن چوہان کافی ناراض ہوئے اور بعد ازاں وہاں شہباز گل پہنچے۔فیاض الحسن چوہان نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کافی دیر ہو گئی یہاں پہنچا ہوا ہوں، اندر ہی نہیں جانے دے رہے، کافی دیر کا فون کر رہا ہوں کوئی جواب ہی نہیں دے رہا، کوئی پالیسی ہی دے دو۔بعدازاں شہباز گل فیاض الحسن چوہان کو راضی کرکے اپنے ساتھ بنی گالہ لے گئے۔