نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی جزوی خودمختاری ختم کرنے کے 2019 کے متنازع فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے مطالبے کو مسترد کر دیا ْ
مغربی ریاست مہاراشٹر میں ایک ریاستی انتخابی ریلی سے خطاب کر تے ہوئے مودی نے کہا کہ کشمیر میں صرف بابا صاحب امبیڈکر کا آئین ہی چلے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر میں آرٹیکل 370 (جزوی خودمختاری) کو بحال نہیں کر سکتی۔
نریندر مودی کی بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے 2019 میں کشمیر کی جزوی خودمختاری ختم کردی تھی اور ریاست کو وفاق کے زیر انتظام 2 علاقوں جموں کشمیر اور لداخ میں تقسیم کردیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر میں ستمبر اور اکتوبر میں ایک دہائی بعد پہلے مقامی انتخابات ہوئے جن میں نو منتخب قانون سازوں نے رواں ہفتے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیر کے اسٹیٹس کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔








