لاہور(نیوزڈیسک) شہر لاہور 659 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ فضائی آلودگی میں سرِفہرست ہے۔ مشرقی ہواؤں کی وجہ سے بھارت کے چندی گڑھ، سہارن پور، نئی دہلی، ہریانہ، جالندھر اور جے پور سے آنے والا دھواں لاہور، ملتان اور ان کے ملحقہ علاقوں میں فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ لاہور کے اردگرد ہوا کی رفتار 4 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ملتان میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا رخ شمال سے جنوب کی طرف ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق سموگ کی شدید صورتحال آئندہ دو سے تین دن مزید جاری رہنے کا امکان ہے، تاہم سہ پہر تین بجے کے قریب مغرب سے مشرق کی جانب ہواؤں کا رخ بدلنے سے سموگ میں کمی آ سکتی ہے۔ ماہرین نے مزید کہا کہ فصلوں کو جلانے سے پیدا ہونے والا سیاہ دھواں، دیگر آلودہ ذرات کے ساتھ مل کر سموگ بناتا ہے۔
فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور کے بعد نئی دہلی 278، بیجنگ 199، اور ہنوئی فضائی آلودگی کے لحاظ سے بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ پنجاب حکومت اینٹی سموگ آپریشن پر عملدرآمد کر رہی ہے، جس کے تحت سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ، کچرا اٹھانے، اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گرانے جیسے اقدامات جاری ہیں۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کئی فیکٹریاں اور کارخانے بھی سیل کیے جا رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ماسک پہنیں، اور بیماری سے بچنے کے لیے گھروں میں رہیں۔








