بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سموگ کا زہریلا دھواں آپ کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے، ماسک لازمی پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،مریم اورنگزیب

لاہور (نیوز ڈیسک)فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد لاہور 770 کے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور کو تین ٹیموں میں تقسیم کرکے اینٹی سموگ پلان پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر میں 12 اینٹری پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں ڈولفن سکواڈز چیکنگ اور مانیٹرنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کو بھاری اور ہلکی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس آپریشن کے تحت پنجاب بھر کے تمام بس اور ٹرک اڈوں پر کارروائی جاری ہے اور زائد دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کو سڑک پر چلنے سے روک دیا گیا ہے۔ خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو اڈوں میں رکھنے کا پابند کیا گیا ہے، اور اس ضمن میں باضابطہ سرکاری نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

آر ٹی اے افسران سے 8 سے 11 نومبر کے دوران کی گئی کارروائیوں کی رپورٹس طلب کی گئی ہیں، اور انہیں ہفتہ وار بنیادوں پر اپنی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ سموگ کی روک تھام کے لیے لاہور میں 38 خصوصی اینٹی سموگ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں، جو بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس نے ‘اینٹی سموگ گاڑی اور موٹرسائیکل آپریشن’ کے تحت 2 ہزار 218 گاڑیوں کی پڑتال کی، 99 گاڑیاں بند کر دی گئیں، جبکہ درجنوں موٹرسائیکلیں بھی ضبط کر لی گئیں۔ حکومت کے نئے قوانین کے تحت ایک خلاف ورزی پر 2 ہزار جبکہ دوبارہ غلطی پر 4 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

علاوہ ازیں، شہر میں سڑکوں پر چھڑکاؤ اور صفائی مہم بھی جاری ہے تاکہ فضائی آلودگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ سموگ کے خطرات کے پیش نظر ورک فرام ہوم کے حکومتی پلان پر بھی عمل درآمد جاری ہے اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق بھارت سے 14 سے 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی مشرقی ہوائیں بھی سموگ کا باعث بن رہی ہیں۔ دہلی 307 اور کنشاسا 200 کے اسکور کے ساتھ آلودگی میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بار پھر عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے تاکہ سموگ کے زہریلے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔