راولپنڈی(نیوز ڈیسک( پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پنجاب پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اس معاملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بیان دیا کہ آج پی ٹی آئی بانی چیئرمین سے ملاقات شیڈیول کے مطابق طے تھی۔
شبلی فراز، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور اسد قیصر سمیت دیگر رہنما ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، تاہم انہیں تین بجے تک انتظار کرایا گیا، اور آخرکار ملاقات کی اجازت نہ دی گئی۔ جب یہ رہنما واپس روانہ ہونے لگے تو پولیس نے انہیں ان کی گاڑیوں سے اتار کر حراست میں لے لیا۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے رہنماؤں کو بھی گاڑیوں سے گھسیٹ کر گرفتار کیا گیا۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے اس اقدام کو فسطائیت قرار دیتے ہوئے مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ تمام مرکزی قیادت کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔








