بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشتگردی:آرمی چیف کاافغان حکومت کوواضح پیغام

اسلام آباد (طارق محمودسمیر)سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے مارگلہ ڈائیلاگ 2024 کی خصوصی تقریب سے اہم خطاب کیاجس میں انہوں نے عصرحاضر
کے چیلنجزکااحاطہ کیا،آرمی چیف کاکہناتھا کہ ٹیکنالوجی نے جہاں معلومات کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیاوہاں گمراہ کن اور غلط معلومات کا پھیلاؤ ایک اہم چیلنج ہے،انہوں نے کہا کہ قواعد وضوابط کے بغیر آزادی اظہار رائے تمام معاشروں میں اخلاقی قدروں کی تنزلی کا باعث بن رہی ہے جب کہ جامع قوانین اور قواعد و ضوابط کے بغیر غلط اور گمراہ کن معلومات اور نفرت انگیز بیانات سیاسی اور سماجی ڈھانچے کو غیر مستحکم کرتے رہیں گے، بلاشبہ جدیدٹیکنالوجی خصوصاًسوشل میڈیا کے منفی استعمال نے معاشروں کی بقاء خطرے میں ڈال دیاہے، خاص طور پر پاکستان میں دانستہ یا نادانستہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہیں اور مایوسی، ناامیدی اور افراتفری کا تاثر دیا جانا انتہائی تشویش کا باعث ہے، خاص طور پر حالیہ عرصے میں آزادی اظہاررائے کی آڑمیں سوشل میڈیا پرریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف جس طرح کی پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے یہ ملکی سلامتی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ، دہشت گردی کے چیلنج کا ذکرکرتے ہوئے آرمی چیف نیکہاکہ دہشت گرد ی عالمی سطح پر تمام انسانیت کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ افغان عبوری حکومت دہشت گردی کیلیے افغان سرزمین کا استعمال نہیں ہونے دیں گے اور اس حوالے سے سخت اقدامات کریں گے،یقیناً دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کی دنیامعترف ہے،اس حقیقت کو جھٹلایانہیں جاسکتا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کی بنیاد ی وجہ افغان سرزمین پر ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی موجودگی ہے، جب تک ہمسایہ ممالک کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتی رہے گی اس ناسور کامکمل خاتمہ ممکن نہیں ،   آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے انتہا پسند انہ نظریے کی وجہ سے بیرون ملک خاص طور پر امریکہ ، برطانیہ اور کینیڈا میں بھی اقلیتیں محفوظ نہیں،  مودی سرکارنے جہاں بھارت کی سرزمین اقلیتوں کے لیے تنگ کررکھی ہے وہیں بھارت اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گردی کی سرپرستی میں بھی ملوث ہے ،بھارت کی ریاستی
دہشت گردی اور انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے خلاف انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی وقتاً فوقتاً آواز اٹھاتی رہتی ہیں لیکن بدقسمتی سے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اس معاملے پر بدستور خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں،  آرمی چیف نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے تناظرمیں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور ہمیشہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے،اس میں کوئی دورائے نہیں کہغزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث وہاں انسانی المیہ رونما ہونے کے خطرات منڈلا رہے ہیں جس سے بچنے کا واحد راستہ فوری جنگ بندی ہیاورپاکستان ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کیلیے آوازاٹھارہاہے،ادھر پنجاب میں سموگ کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی،جس پر صوبائی حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلیے بند کردیئے،کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور اور ملتان میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کہاہیکہ لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاون ہوگا ،دونوں شہروں میں ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی لگا دی گئی، تمام بھٹے اورفرنس بیسیڈ انڈسٹری بھی ایک ہفتے کیلئے بند کردی گئی ، ریسٹورنٹس کو شام4بجے تک کا وقت دیاگیا ہے تاہم ریسٹورینٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی،بلاشبہ پنجاب حکومت کی طرف سے سموگ کی صورتحال کے پیش نظرکئے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وقتی اقدامات سموگ کے مسئلے کا مستقل حل نہیں بلکہ یہ اقدامات تعلیمی حرج کا باعث اور کاروباری سرگرمیوں پرمنفی اثرات مرتب کرتے ہیں لہذا وقت آگیاہے کہ سموگ کے بنیادی اسباب کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور جراتمندانہ فیصلے کئے جائیں ،پنجاب میں سموگ کی بڑی وجہ چونکہ بھارت سے آنے والی آلودہ ہواوں کا بھی عمل دخل ہے لہذا اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی بھارت کے ساتھ سموگ ڈپلومیسی کی تجویزمستحسن ہے ،وفاقی حکومت کو اس ضمن میں اپنا کرداراداکرناچاہئے ۔