پشاور(نیوز ڈیسک)سابق سینیٹر خیبرپختونخوا اور ممتاز صنعتکار الیاس احمد بلور انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ کل بروز اتوار بوقت 2 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے، مرحوم اے این پی رہنما غلام بلور، شہید بشیر بلور اور عزیز بلور کے بھائی اور غضنفر بلور کے والد تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق الیاس بلور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور اسلام اباد میں نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، گزشتہ شب ان کی حالت بگڑ گئی اور خالق حقیقی سے جاملے۔
سابق سینیٹر الیاس احمد بلور نے عملی سیاست کا آغاز نیشنل پارٹی کی رکنیت سے کیا تھا، وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جب کہ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر اور مختلف چیمبرز کے اعلی منتخب عہدوں پر بھی رہے۔








