لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جاری آپریشن کے دوران صادق آباد سے نایاب نسل کا 52 کلو وزنی چترا انڈیکا سافٹ شیل کچھوا برآمد کر لیا گیا۔
محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران کچھوا ایک تالاب سے مقامی آبادی کی مدد سے برآمد کیا گیا۔ ملزم کو گرفتار کر کے جال اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
چترا انڈیکا نسل کا یہ کچھوا جنگلی حیات کی بین الاقوامی تنظیم آئی یو سی این کی ریڈ لسٹ میں شامل ہے اور بقاء کے شدید خطرے سے دوچار ہے۔ کارروائی کے بعد کچھوے کو اس کے قدرتی ماحول، دریا میں دوبارہ چھوڑ دیا گیا۔
ملزم نے بیان دیا کہ دریا سے کچھوا اس کی زمین میں آ گیا تھا، جسے اس نے تالاب میں رکھا اور لاعلمی میں یہ غلطی کی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلی حیات، انتظامیہ، اور مقامی آبادی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی ہے۔








