بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ طلب کرلی گئی ۔
بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ 26 نومبر کو طلب کی گئی ہے جس میں بھارتی اور پاکستان کرکٹ بورڈ شریک ہوں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ہنگامی میٹنگ میں تمام بورڈز ممبرز بھی شریک ہوں گے۔
آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ ورچوئل ہو گی اور اس میں بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے سے انکار پر بات چیت ہو گی اور آئی سی سی مختلف معاملات کو حتمی شکل دے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں شیڈول ، فارمیٹ ، گروپ اسٹیج کے مقابلے سمیت پاک بھارت میچ پربات ہوگی۔اس کے علاوہ ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں سیمی فائنلز اور فائنل کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل کے رضامند ہونے یا نہ ہونے پر بھی اجلاس میں بات کی جائے گی۔
تاہم ادھر ذرائع آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ہنگامی میٹنگ کے حوالے سے ابھی تک تصدیق نہیں کر سکتے، فی الحال آئی سی سی اجلاس کے حوالے سے چلنے والی خبروں کا کوئی علم نہیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو تا حال آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ کے حوالے سے کچھ آگاہ نہیں کیا گیا۔
پی سی بی کو آئی سی سی کی چیمپئنز ٹرافی کی ہنگامی میٹنگ پر کوئی معلومات نہیں، ایسا ممکن نہیں کہ ہنگامی میٹنگ ہو اور میزبان ملک کو نہ بتایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی بھی ذرائع سے اب تک پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ادھر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی تاحال شیڈول اعلان نہیں کر سکی ۔ آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کے لیے دباؤ کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔