چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی بھارتی میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے خبریں چلائیں تھی کہ آئی سی سی نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل پر پاکستان کو منانے کیلئے اجلاس 26 نومبر کو طلب کرلیا ہے، جس میں ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے پر بات ہوگی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی کے قریبی ذرائع اجلاس طلب کرنے کی خبروں کو بےبنیاد قرار دیکر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں موقف بھی اپنالیا کہ چیمپئینز ٹرافی کو ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ ایونٹ میں اگر بھارتی ٹیم سیمی فائنل یا فائنل کیلئے کوالیفائی کرتی ہے تو اسکے بھی نیوٹرل وینیو شفٹ کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے دوٹوک انداز میں بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کو پیغام پہنچادیا ہے کہ ایونٹ کی میزبانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، کسی کو نہیں آنا تو نہ آئے لیکن ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہوگا ہمیں ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ اگر چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھارت کیساتھ کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے۔
دوسری جانب براڈکاسٹنگ کمپنی کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے شیڈول جاری کرنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دی گئی ڈیڈ لائن کا وقت بھی گزر گیا تاہم ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ادھر براڈ کاسٹرز کے پریشر اور پاک بھارت بورڈ کے غیر لچکدار موقف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پریشانی میں مبتلا ہے جبکہ یکم دسمبر کو بی سی سی آئی کے موجودہ سیکریٹری جے شاہ چیئرمین منتخب ہوں گے اور معاملات مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔