وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے دوسری بار رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر سے ایک بار پھر تفصیلی گفتگو کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کا 80 افراد پر مشتمل وفد پاکستان آرہا ہے، ایسی صورتِ حال میں احتجاج سیاسی جماعت کو زیب نہیں دیتا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جماعت کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ پارٹی کی دیگر قیادت سے ملاقات کے بعد ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈا پورکو محسن نقوی کے فون سے آگاہ کر دیا۔
بیرسٹر گوہر وزیرِ داخلہ کو حتمی فیصلے سے شام 6 بجے تک آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا تھا۔
محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر نے موجودہ صورتِ حال پر تفصیلی گفتگو کی تھی، وفاقی وزیرِ داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کی صورتِ حال سے آگاہ کیا تھا۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس اور دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بیلاروس کا اعلیٰ سطح کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے جبکہ بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ بیلاروس کا وفد 27 نومبر تک اسلام آباد میں رہے گا۔
وزیرِ داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے وفد کی 24 نومبر سے 27 نومبر تک کی مصروفیات سے بھی آگاہ کیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
یاد رہے کہ کل 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔