اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے 24 نومبر کے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے حکومت نے جڑواں شہروں اور لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیئے ہیں۔ موٹر ویز اور تمام بس اڈے بند ہیں جس کے بعد شہریوں کی پریشانی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ یہاں تک کہ بند راستوں سے نہ بارات کو جانے کی اجازت دی اور نہ راستے میں جاں بحق مریض کی میت کو جانے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی ہے جہاں مسافروں کا رش دو گناہ بڑھ گیا، متعدد شہریوں کو رش ہونے کے باعث ٹکٹ بھی نہ مل سکا۔
شٹل ٹرین کے باوجود ہزاروں مسافر منزل تک نہ پہنچ سکے اور شہریوں نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ڈیرے لگا لیے۔ ادھر ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو فوری منزل تک پہنچایا جائے گا، دوسری شٹل ٹرین آج چار بجے چلائی جائے گئی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد اور راولپنڈی میں کنٹینراورمرکزی شاہروں کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ جڑواں شہروں کے درجنوں مقامات پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔
بارات کا اجازت نہ ملی
سیالکوٹ سے لاہور جانے والی بارات کو موٹر وے پر ہی روک دیا گیا۔ جس پر دولہا نے میڈیا کے زریعے اداروں سے فریاد کی کہ ہمیں راستہ دیا جائے تاکہ برقت پہنچ سکیں۔دولہیا کا کہنا تھا کہ دلہن والے لاہور میں بارات کے منتظر ہیں۔
مریض راستے میں جاں بحق، میت کو راستہ نہ ملا
پلوں اور روستوں کی بندش کے باعث سرائے عالمگیر میں مریض جہلم پل پر دم توڑ گیا، جہلم کے پرانے پل پر راستے بند ہونے کے باعث مریض ہسپتال نہ پہنچ سکا۔
گاڑیوں کو اجازت نہ ملنے کے باعث لواحقین میت کو اٹھائے ہوئے پیدل چلتے رہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متوفی کے لواحقین میت اٹھائے پیدل چل رہے ہیں۔
دیگرفوت ہونے والے کو بھی راستوں کی بندش کے باعث ہسپتال نہ پہنچایا جا سکا۔ احتجاج کے باعث جہلم کے تینوں پلوں کو بند کیا ہوا ہے۔
200 پی ٹی آئی کارکن گرفتار
پولیس کے مطابق اسلام آباد میں چھپے پی ٹی آئی کے شرپسند کارکنان کی گرفتاریاں جاری ہیں، گزشتہ شب مختلف علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دوران آپریشن پی ٹی آئی کے 200 شرپسند گرفتار کئے گئے، جن میں مرد اور خواتین بھی شامل ہیں، گرفتار شرپسندوں سے ہتھیار اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلحہ برآمدگی دوران احتجاج شرانگیزی کا عندیہ دیتی ہے، گرفتار شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
باسمہ چودھری گھر پر بھی چھاپہ
پولیس نے منڈی بہاؤ الدین میں پی ٹی آئی کے سابق صدر پرویز الہیٰ کی بھانجی اور پی ٹی آئی ایم پی اے باسمہ چودھری گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔
باسمہ چودھری نے بتایا کہ گزشتہ رات ڈھائی بجے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار گھر میں گھس آئے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے ملازمین کو ہراساں کیا، گھر کا سارا سامان توڑ دیا۔
باسمہ چودھری نے کہا کہ میں عوام کی ایک منتخب رکن پنجاب اسمبلی ہوں، پنجاب حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، یہ تمام عمل دہشت گردی کے مترادف ہے، ادارے اس کا نوٹس لیں۔
باسمہ چودھری نے کہا کہ میں نے امریکہ کی شہریت چھوڑ کر پاکستان کی خدمت کو ترجیح دی، ہمیں صرف یہ بتایا جائے کہ ہماری غلطی کیا ہے، کس بات کی سزا دی جا رہی ہے۔