انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی للت مودی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے قبل ممبئی کی ٹیم کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی للت مودی نے دعویٰ کیا کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی پہلی پسند ہمیشہ سے ممبئی تھی لیکن مکیش امبانی کے انتخاب کے بعد وہ اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے لیکن پھر کولکتہ انکا حمتی انتخاب تھا۔
بعدازاں شاہ رخ نے جوہی چاؤلہ کیساتھ ملکر 2008 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 570 کروڑ کی بھاری قیمت میں خریدا تھا۔
راج شامانی کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے للت مودی نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ اور بالی ووڈ بکتا ہے، میں ہمیشہ گلیمر کا حصہ رہا ہوں، شاہ رخ خان میرے ساتھ اسکول جاتے تھے اور ہم اس زمانے سے دوست ہیں۔ کرکٹ لیگ کرانے کیلئے اِن سے رابطہ کیا کہا کہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ آپ اس کا حصہ بنیں۔
للت مودی نے کہا کہ شاہ رخ خان کی لیگ میں شمولیت آئی پی ایل کی بنیاد کا ایک ‘ستون’ تھا، بالی اداکار نے ٹیم کیلئے بولی لگائی جبکہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے، انکے آنے سے کرکٹ اور تفریح سے جوڑنے کی کوشش کی اور اسکی ایک جھلک چیئر لیڈرز تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی وجہ سے دیگر لوگ بھی فرنچائزز خریدنے کیلئے راغب ہوئے، شاہ رخ اپنے ساتھ دیگر اسٹارز دیپیکا پڈوکون، اکشے کمار کو بھی لائے جس نے لیگ کو چار چاند لگادیے۔