بھارتی انٹرٹینمنٹ چینل اسٹار پلس پر سالوں قبل نشر ہونے والے بچوں کے ڈرامے ‘شاکالاکا بوم بوم’ میں ‘سنجو’ کا کردار نبھانے والے اداکار کنشوک ویدیا نے بھی شادی کرلی۔
گزشتہ سال سے ایسے متعدد چائلڈ اسٹارز نے اپنے فینز کو حیران کیا جنکو کبھی بچپن میں ٹی وی یا سلور اسکرینز پر دیکھا تھا اور اب وہ ننھے منے بچے جوانی کی عمروں کو پہنچنے کے بعد اپنی زندگی کے نئے چیپٹر یعنی شادی اور منگنی کا آغاز کرچکے ہیں۔
اپنی زندگی میں ہمسفر کا ہاتھ تھام لینے والے چائلڈ اسٹارز میں سوئنی کھارا، مالویکا راج اور جھنک شکلا شامل ہیں۔
اب اس فہرست میں نیا اضافہ اسٹار پلس پر 2000 سے آن ائیر ہونے والے بچوں کے ڈراما سیریل ’شاکا لاکا بوم بوم‘ میں ‘سنجو’ کا کردار نبھانے والے کنشوک ویدیا ہیں۔
کنشوک ویدیا جو ڈرامے میں اپنی جادوئی پینسل سے ڈرائنگ کر رکے اسے حقیقی شکل دے دیتے تھے آج اپنی زندگی کو بغیر کسی جادوئی پینسل خوش رنگ بناچکے ہیں۔
کنشوک ویدیا نے اپنی گرل فرینڈ و کوریوگرافر دیکشا ناگپال سے ایک روایتی مراٹھی اسٹائل تقریب میں شادی کرلی ہے۔
22 نومبر کو رنگوں اور وخوشیوں سے بھری تقریب میں دلہا اور دلہن کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی اور شادی کو یادگار بنایا۔
دونوں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں جن کو دیکھ کر انکے فینز جو اب ان ہی کی طرح چھوٹے نہیں رہے بلکہ جوان ہوچکے ہیں مختلف تبصرے کرتے ہوئے پرانے دنوں کو یاد کرتے دکھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کنشوک ویدیا نے صرف ڈراموں میں ہی نہیں بلکہ فلموں میں بھی بطور چائلڈ اسٹار کام کیا اور انکی سب سے مشہور فلم ‘راجو چاچا’ ہے۔