صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ پاک بیلاروس معاشی تعاون دہائیوں پر مشتمل ہے جسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا بیلاروس کے وفد کی پاکستان آمد سے متعلق اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بیلا روس کے صدر اور اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ پاکستان بڑھتی ہوئی دوطرفہ شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے، پاک بیلاروس روایتی اتحادی اور مضبوط تجارتی و اقتصادی شراکت دار ہیں، میں بیلاروس کی بزنس کمیونٹی کی ایف پی سی سی آئی میں میزبانی کیلے پرجوش ہوں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاک بیلاروس معاشی تعاون دہائیوں پر مشتمل ہے جس کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، زرعی مشنری بالخصوص ٹریکٹر سازی کی صنعت میں تعاون دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہو سکتا ہے، پاکستان اور بیلاروس کا 35 ملین ڈالر کا تجارتی حجم دونوں ملکوں کی صلاحیت سے بہت کم ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ صنعتی، تعلیمی، سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع ہیں، بیلاروس کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے اور نئی منڈیوں کی تلاش وقت کی اہم ضرورت ہے۔