facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

علی امین اور میں ڈی چوک احتجاج کے حق میں نہیں تھے، شیر افضل مروت

پی ٹی آئی رہنما و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں اور علی امین گنڈاپور ڈی چوک احتجاج کے حق میں نہیں تھے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ علی امین چاہتے تھے کلثوم اسپتال سے ورکرز آگے نہ بڑھیں، تاہم پی ٹی آئی ورکرز ڈی چوک جانے پر بضد تھے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ہم احتجاج کرنے گئے تھے، گولیوں کا ہمارے پاس کیا علاج ہے؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بےگناہ نوجوانوں کو شہید کیا گیا، احتجاج میں ہمارے 12 کارکن شہید ہوئے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیو ایریا اس وقت مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے، علاقہ کلیئر کروانے کے بعد اس وقت وہاں کوئی آپریشن نہیں کیا جا رہا۔

بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ڈی چوک ایریا سے فرار ہوگئے، اطلاعات کے مطابق دونوں ایک ہی گاڑی میں فرار ہوئے۔

ذرائع کے کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گاڑی ہری پور کے راستے خیبر پختونخوا میں داخل ہوگئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ قافلے میں لوگ منتشر ہوگئے، جبکہ جناح ایونیو کو پولیس نے مظاہرین سے خالی کروا لیا ہے اور احتجاجی مظاہرین کو خیبر پلازہ سے آگے تک دھکیل دیا گیا۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کی اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس سے جھڑپیں ہوئیں، سارا دن آنکھ مچولی جاری رہی، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈی چوک میں کچھ کنٹینرز رسیوں کی مدد سے ہٹا دیے، کچھ کنٹینرز کو پلٹ دیا، گیس ماسک پہنے، ڈنڈوں اور غلیلوں سے مسلح کارکنوں نے پولیس پر پتھر برسائے، غلیلوں سے نشانہ بنایا۔

پولیس نے کارکنوں پر شیلنگ کرتے ہوئے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی، کارکنوں نے گرین بیلٹ کی جھاڑیوں کو آگ لگا دی، رینجرز نے پہنچ کر ڈی چوک کو کلئیر کیا، پی ٹی آئی کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلہ بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا قافلہ اسلام آباد میں سیونتھ ایونیو پہنچا۔

کارکنوں سے خطاب میں بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ کوئی اور لیڈر ہوتا تو ڈیل کرلیتا، مسلمان مسلمان کو نہیں مارتا، ہم پر شیلنگ کیوں کی جا رہی ہے؟

بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ڈی چوک نا چھوڑنے کا وعدہ بھی لیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ پرُامن رہنے کا درس دیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے احکامات آنے تک ہم ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے۔

اس سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تو سنگ جانی پر احتجاج کے لیے راضی ہوگئے تھے لیکن بشریٰ بی بی نے منع کردیا اور کہا کہ وہ ڈی چوک ہی جائيں گے، جس کی وجہ سے حکومت کی مضافات میں احتجاج کرنے کی تجویز قبول نہ ہوسکی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات پورے کیے بغیر مسئلہ خوشگوار انداز میں حل ہونا نا ممکن ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی قانونی عمل سے ہونی ہے لیکن اس کا بٹن حکومت کے ہاتھ میں ہے۔