لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ الحمدللہ نو مئی “ٹو” کے پلان کو ناکام بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کو کارکنوں کو آگے لگا کر فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، جبکہ 26 نومبر کو کرائے کے دہشت گردوں اور اسلحے کے ذریعے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے الزام لگایا کہ ڈی چوک پر احتجاج کا مقصد صرف رینجرز اور پولیس کی لاشیں لینے آنا تھا۔ 2014 میں ڈی چوک پر قبریں کھودنے والے، 2024 میں پولیس اور رینجرز کو شہید کرکے فرار ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز کے شہداء کے ذمہ دار عمران خان، بشریٰ بی بی، اور علی امین گنڈا پور ہیں۔ “سر پر کفن باندھ کر آنے” کا نعرہ لگانے والے، پولیس اور رینجرز کو شہید کرکے بھاگ گئے۔ یہ عمل کوئی پاکستانی نہیں کر سکتا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کرائے کے دہشت گرد اور اسلحہ لاکر ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ عوام نے تین دن جو دہشت گردی دیکھی، وہ پی ٹی آئی کے چہرے کو بے نقاب کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ہارڈنڈ کرمنلز کا گروہ ہے، اور عمران خان کا انقلاب دم دبا کر بھاگ گیا۔