facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے حمایت جاری رکھے گا،صدر مملکت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطینیوں سے یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد، پائیدار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آزادی، وقار، اور انصاف کے لیے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے اور کہا کہ عالمی ضمیر فلسطین میں لاکھوں افراد کی حالتِ زار کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

صدر زرداری نے کہا کہ اسرائیلی قبضہ اور عالمی قوانین کی مسلسل بے توقیری خطے میں قیامِ امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی اور اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالت انصاف نے درست طور پر “قرینِ قیاس نسل کشی” قرار دیا ہے، اور پاکستان ان اقدامات کے احتساب کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیاں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی، بنیادی ڈھانچے کی تباہی، اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا سبب بن رہی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ سال اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت 45 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ اسرائیل اقوامِ متحدہ اور دیگر امدادی ایجنسیوں کے کام میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈال رہا ہے اور لاکھوں فلسطینیوں کو انسانی امداد سے محروم کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہی ہے، اور پاکستان اسرائیل کی ان جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔