facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انتشار اور تشدد کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور پوسٹوں کے حوالے سے اہم گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہان، پنجاب اور سندھ حکومتوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جی صاحبان شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتشار اور تشدد کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور معاشی اشاریے مثبت ہو رہے ہیں۔ سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی حد عبور کر چکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران کئی ممالک کے وفود نے پاکستان کا دورہ کیا، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے اہم وفود شامل ہیں۔ بیلاروس کے صدر کے دورے میں کئی معاہدے ہوئے اور پاکستان نے ایس سی او سربراہ کانفرنس کا انعقاد بھی کیا۔ انہوں نے پی آئی اے کی یورپ کے لئے پروازوں کی بحالی کو ایک خوش آئند خبر قرار دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف پی آئی اے کا ریونیو بڑھے گا بلکہ یہ ادارہ اپنا کھویا ہوا مقام بھی حاصل کرے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں اور معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دن رات محنت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، لیکن بغیر کسی پر الزامات عائد کیے دن رات کام کرکے معیشت کو بہتر بنایا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے آئی ایم ایف کے ایم ڈی کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر شہباز شریف نہ ہوتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر چکا ہوتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ لاشوں پر سیاست کی جا رہی ہے۔ پہلے کہا گیا کہ سنائپر شاٹ مارے گئے، پھر کہا گیا کہ براہ راست فائرنگ کی گئی، لیکن تین دن گزرنے کے باوجود تحریک انصاف کوئی ویڈیو یا ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر پرانی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔ 2019 کی فوٹیج اور اسرائیلی مظالم کی تصاویر کو حالیہ احتجاج سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہید ہونے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی تصاویر تحریک انصاف نے شیئر نہیں کیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے ایک جلسے میں 12 افراد جاں بحق ہوئے، لیکن وہ اپنی تقریر مکمل کیے بغیر گھر نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جھوٹے بیانیے کے ذریعے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے بلیو ایریا کی ایک تصویر شائع کی، جس میں سڑک کو خون آلود دکھایا گیا، لیکن جب ہم نے اس علاقے کا معائنہ کیا تو وہاں کسی قسم کا خون نہیں ملا۔ مظاہرین پر فائرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور تحریک انصاف اقتدار کی جنگ میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کے دوران تاجروں اور کاروباری افراد کو یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے اپیل کی کہ عوام جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور حقیقت کو سمجھیں۔