اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو ان کے 53 ویں قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کے شاندار سفر پر فخر کا اظہار کیا، جو مرحوم عزت مآب شیخ زاید بن سلطان النہیان کی بصیرت اور قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شیخ زاید کے وژن کو عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان اور عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کامیابی کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔ ان کی دانشمندانہ قیادت کے نتیجے میں یو اے ای دنیا بھر میں ترقی اور جدت کا ایک مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ یو اے ای کا ثابت قدم بھائی اور شراکت دار رہا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے انہیں باہمی فائدے پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا، “پاکستان-یو اے ای دوستی زندہ باد!”








