لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت سموگ پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ایسی گاڑیوں کو سڑکوں پر نہ چلنے دیا جائے۔
فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے جمعہ اور اتوار کو ٹرکوں، بسوں، اور بھاری گاڑیوں کے لاہور میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اینٹی سموگ مہم کے تحت لودھراں، اوکاڑہ، وہاڑی اور سرگودھا میں چھ بھٹے مسمار کر دیے گئے ہیں۔
مزید اقدامات میں تین صنعتی یونٹس، ایک اسٹیل رولنگ مل، ایک ٹیکسٹائل یونٹ، اور ایک چاول مل کو سیل کیا گیا ہے۔ خراب انجن والی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی پڑتال کے بعد 144 گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں۔ بغیر ترپال اور سموگ رولز پر عمل نہ کرنے والی 64 ریت کی ٹرالیاں بھی بند کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ اور صفائی کا عمل جاری ہے۔ کمرشل جنریٹرز اور بار بی کیو پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی رہنمائی میں اینٹی سموگ مہم کے اقدامات سے بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اقدامات سموگ کے خاتمے کی بنیاد بنائیں گے اور جامع حکمت عملی سے ماحولیاتی بہتری ممکن ہوگی۔








