اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ بلوچستان کا ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف کریک ڈاؤن، 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی ، پاکستان ٹیلی کمیو نی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کو تفصیلات فراہم کردی گئیں ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان زون کا ڈائریکٹر عمران محمود کی زیر سربراہی سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں، ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ ویسٹ عمران محمود کو 3 ماہ قبل تعینات کیا گیا تھا ۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ اور تجزیے کے لیئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر فیس بک، انسٹاگرام، ٹویٹر، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کی گزشتہ 3 ماہ کے دوران، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان نے ریاست مخالف مواد شیئر کرنے میں ملوث 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی۔ مذکورہ اکاونٹس کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیو نی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کو تفصیلات فراہم کردی گئیں ، رپورٹ کردہ اکاؤنٹس میں 487 فیس بک ، 190 ٹک ٹاک ، 147 ٹوئٹر ، 88 انسٹا گرام اور 12 دیگر ایپلیکیشن کے اکاؤنٹس شامل ہیں اب تک 312 اکاؤنٹس کو پی ٹی اے کی جانب سے بلاک کیا گیا ہے ریاست مخالف عناصر کے خلاف 14 انکوائریاں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ،علاوہ ازیں ایف آئی اے سائبر کرائم بلوچستان نے 28 مختلف سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کی نشاندہی کی ہے جنہیں ریاست مخالف عناصر کے ذریعے گمنام رابطوں اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ،ترجمان کے مطابق ریاست مخالف عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ملزمان کی نشاندہی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان کریک ڈاؤن، مذموم پروپیگنڈے میں ملوث 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی ، 312 بلاک








