اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و شمالی علاقہ جات انجینئر امیر مقام نے جھوٹے بیانیے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست پاکستان، حکومت اور اداروں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا، اور ایسے عناصر کو کھلے عام سزا ملنی چاہیے۔
امیر مقام نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کے بیان نے جھوٹ بولنے والوں کے خلاف فرد جرم عائد کر دی ہے، اور قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش بے نقاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا کو بھی جھوٹے بیانیے پھیلانے والے افراد کا بائیکاٹ کرنا چاہیے تاکہ عوام کو گمراہ ہونے سے بچایا جا سکے۔
مزید برآں، وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا کے وسائل کے غلط استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسائل صرف عوام کی امانت ہیں، اور انہیں وفاق یا کسی جماعت کے سیاسی عزائم کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کو پی ٹی آئی کے “بھگوڑوں” کے لیے “علاقہ غیر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے وسائل کا صحیح استعمال ہی حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے۔