مشہد: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے، اسرائیل نے خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ۔
ایران کے شہر مشہد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے تنظیم میں نئے عزم اور جذبے کی روح پھونکی ہے، وزرا کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے، اجلاس کی میزبانی اور مہمان نوازی کے لیے ایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ، لبنان اور شام میں مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں، مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے، اسرائیل نے خطے کی سلامتی اور سیکورٹی کو داؤ پر لگا دیا ہے، مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو تشدد، جنگ سے پاک اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او کو علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اجلاس کے تجویز کردہ عنوان کے مطابق ای سی او ممالک کی ترقی اور خوشحالی علاقائی تجارت کی توسیع پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے علاقائی تعاون تنظیم کا تجارتی معاہدہ اہمیت کا حامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ ای سی او کے وجود میں آنے کے کافی عرصے بعد بھی معاہدوں پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، پاکستان ای سی او کے تجارتی معاہدے کے جلد نفاذ کو بہت اہمیت دیتا ہے، ہم تمام ممبر ممالک سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔
پاکستان ای سی او کے تجارتی معاہدے کے جلد نفاذ کو اہمیت دیتا ہے، اسحاق ڈار








