اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما اورقومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف عمرایوب نےاپنے خلاف ایف آئی آر اندراج اور دیگرمقدمات پر جوڈیشل کمیشن کی رکنیت کا استعفیٰ سپیکرسردارایازصادق کو بھجوادیاجس میں انہوں نے اپنی جگہ بیرسٹرگوہرکو کمیشن کارکن بنانے کی استدعاکی ہے۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے لکھاکہ میں نے استعفے کا فیصلہ غوروخوص کے بعد کیاہے،حالیہ قانونی مقدمات میرے ذمہ داری کی ادائیگی میں رکاوٹ بن رہے ہیںاور میرے خیال میں یہ ادارے کے بہترین مفادمیں ہےکہ یہ ذمہ داری اسے دی جائے جو پوری توجہ سے اپناکرداراداکرسکے،عمرایوب نے اپنی جگہ رکن قومی اسمبلی بیرسٹرگوہرکو جوڈیشل کمیشن کارکن بنانے کی سفارش کی۔انہوں نے اپنااستعفیٰ جلدمنظورکرنے کی استدعابھی کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روزمیڈیارپورٹس میں دعویٰ کیاگیاتھاکہپاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے بدل دیے۔ سینیٹ سے شبلی فرازکی جگہ علی ظفر مستقل طورپرجوڈیشل کمیشن اجلاس میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ عمرایوب کی جگہ بیرسٹرگوہریا لطیف کھوسہ میں سے کوئی ایک پارٹی نمائندگی کرے گا۔ عمرایوب اور شبلی فراز پر بہت سے مقدمات ہیں اس لیے انہیں تبدیل کیا گیا، مقدمات میں ضمانت کے بعد عمرایوب ہی جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے ہوں گے۔ خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ سے قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو جوڈیشل کمیشن میں شامل کیا گیا تھا۔










