اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی سے متعلق وزیراعظم کی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر شبیر احمد عثمانی، وفاقی سیکرٹری وسیم اجمل چوہدری، اور چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا سمیت مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور وزیراعظم خطے کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
اجلاس میں گلگت بلتستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے قیام، سالانہ ترقیاتی منصوبے، اور پی ایس ڈی پی کے تحت 100 میگاواٹ سولر پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ گلگت شندور روڈ اور جگلوٹ سکردو روڈ کی بحالی اور تعمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کیں اور خطے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔








