اسلام آباد(نیوز ڈیسک )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور انہیں قومی معیشت کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ترین انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی خواتین کی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایوان صدر میں منعقدہ بزنس ویمن ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فضل، صدر نعیمہ انصاری، آئی ڈبلیو ممبران، خواتین کاروباری شخصیات، سفارتی برادری کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی اور کہا کہ اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے قرض تک ان کی رسائی کو بہتر بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری اور ہنر پر مبنی تعلیم فراہم کر کے قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل بنانے کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی شعبے میں خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت سے خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی مصنوعات کی بہترمارکیٹنگ کر سکتی ہیں۔انہوں نے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے چیمبرز کو خواتین کی متناسب نمائندگی دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ایک محنت کش خاتون تھیں جنہوں نے اپنی تجارت کو آگے بڑھانے کے لیے ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سمیت کئی مردوں کو ملازمت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام مسلم خواتین کے لیے ایک رول ماڈل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا محمد علی اور مولانا شوکت علی کی والدہ ایک سرگرم سیاسی شخصیت تھیں جب کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی اہلیہ اور بہنیں علیحدہ وطن حاصل کرنے کی تمام سیاسی جدوجہد میں قائداعظم کے شانہ بشانہ رہیں۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین نے شادیوں کے بعد کام کرنا چھوڑ دیا اور یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو کام کی جگہ پر سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے
کہ ملک کے کچھ حصوں میں خواتین کو وراثت اور جائیداد کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وہن چیمبر کی صدر نائمہ انصاری اور ثمینہ فاضل نے کہا کہ حکومت خواتین کی بھر پور مدد کرے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کاروباری شخصیات کو بزنس ایکسیلنس ایوارڈز کی ٹرافیاں دی گئیں۔










