facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے 53ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدرنے جرات و بہادری کی تاریخ رقم کی،قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی مادر وطن کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر جرات و بہادری کی عمدہ مثال تھے۔1971 کی جنگ میں میجر شبیر شریف شہید نے سلمانکی میں دشمن کی پیش قدمی کو روکے رکھا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نے نہ صرف اپنے ہدف کی حفاظت کی، دشمن کے ٹینکوں کو ٹینک شکن رائفل سے ناکارہ بنایا بلکہ کمپنی کمانڈر سمیت دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا ڈالا۔طاقت کے نشے میں چور اپنی عددی برتری کے باوجود دشمن میجر شبیر شریف شہید کی موثر مدافعت کا مقابلہ نہ کر سکا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا وطن سے محبت اور دفاعِ وطن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کرنے کا جذبہ نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے۔

انہوں نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کی غیور قوم دفاعِ وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر و جری جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ میجر شبیر شریف شہید کی فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی مثال رہتی دنیا تک آئندہ نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔