بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر اوروزیراعظم کی ڈیرہ میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمدشہبازشریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہےکہ پوری قوم فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
ایک بیان میں صدر مملکت نے کارروائی کے دوران 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے، ایک کو گرفتار کرنے پر فورسز کو سراہا۔  انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
ادھروزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی،ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔
انہوں نے  آپریشن کے دوران دو خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور ایک کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ  سکیورٹی فورسز کے قابل فخر افسران و اہلکار شب و روز ارض وطن کو دشمن عناصر سے پاک کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں ،مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کی اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔