اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔
اویس لغاری نے پاکستان اور تاجکستان کےدرمیان ساتواں مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان ترکیہ کے بعد دوسرا ملک ہے جس نے تاجکستان کی آزادی کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جاسکتی ہیں، دونوں ممالک میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے مزید کہا کہ تاجکستان کو وسط ایشیا میں اہم مقام حاصل ہے اور یہ وسطی ایشیا کا گیٹ وے ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ساتویں مشترکہ کمیشن کا اجلاس جاری ہے، جس کی میزبانی وزارت اقتصادی امور کررہی ہے۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق پاکستان کی جانب وزیر توانائی اویس لغاری مشترکہ کمیشن اجلاس کی صدارت کررہے ہیں جبکہ تاجکستان کی جانب سے وزیر توانائی و آبی وسائل دیلر شوفاکر اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔









