اسلام آ باد: وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی بانی پی ٹی آئی کی سازش تھی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءنے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ نو مئی کو لاہور جناح ہاؤس، پی اے ایف میانوالی، راولپنڈی، قلعہ چکدرہ کے ملزمان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، نو مئی کو ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے مذموم سازش تھی،بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءنے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔
ان کاکہناہے کہ سانحہ نو مئی کے مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں،جن مجرمان کو سزائیں سنائی گئیں یہ توڑ پھوڑ میں ملوث تھے، نو مئی کے مجرمان کا فیئر ٹرائل ہوا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ سانحہ نو مئی کے مجرمان کو ٹرائل کے دوران تمام بنیادی حقوق دیے گئے،ٹرائل کورٹ میں عجلت میں کیس کا فیصلہ نہیں ہوا، پراسیکیوشن کی طرف سے بہت وقت لیا گیا، اور عدالت میں باقاعدہ شواہد پیش کیے گئے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، اب کوئی جرات نہیں کر سکے گا کہ ملکی دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل عالمی معاہدوں اور قوانین کے عین مطابق ہے، اور اس میں ہمارے آئین اور قانون کا خاص خیال رکھا گیا ہے، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں وکیل کا حق، ریکارڈ اور فیملی تک رسائی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں اپیل کے دو حق دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ نو مئی میں حملہ آوروں کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔
نو مئی عمران کی سازش، مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں، عطاء اللہ تارڑ








