بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 پر عملدرآمد پر زور

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، اور وفاقی وزراء پلاننگ و سائنس و ٹیکنالوجی کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز (ECBC) 2023 پر عملدرآمد کے لیے خطوط ارسال کیے ہیں۔ انہوں نے ان کوڈز پر عملدرآمد کو عوام اور حکومت دونوں کے بہترین مفاد میں قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے خطوط میں عمارات میں انرجی کے غیر مؤثر استعمال کے نتیجے میں اضافی بجلی کے بلوں کی نشاندہی کی اور ECBC 2023 کے ذریعے پاور سیکٹر کی دیرپا ترقی کے لیے دو نکاتی حکمت عملی تجویز کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین کو انرجی سیونگ کوڈز کی روشنی میں اپ ڈیٹ کیا جائے اور سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں ان کوڈز کو تعمیراتی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔

اویس لغاری نے کہا کہ انرجی کنزرویشن سے نہ صرف بجلی کے بلوں میں کمی ممکن ہوگی بلکہ گرمیوں کے پیک آورز میں بجلی کی طلب کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کے دوران حرارت کی ضروریات کم کرکے گیس کی بچت میں بھی یہ کوڈز معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے گرمیوں میں 60 سے 80 گھنٹے کے پیک آورز کے دوران اضافی پاور پلانٹس کے استعمال کی ضرورت پر روشنی ڈالی، جو سال کے باقی مہینوں میں کم استعمال ہوتے ہیں اور بجلی کی قیمتوں میں اضافی بوجھ کا باعث بنتے ہیں۔

پاور ڈویژن بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے اور ECBC 2023 پر عملدرآمد اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NEECA) کی ویب سائٹ (https://neeca.gov.pk/Download) پر دستیاب انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز سے استفادہ کریں اور پائیداری کی کوششوں کو فروغ دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کوڈز کو وفاقی کابینہ اور نیشنل اکنامک کونسل سے منظوری حاصل ہے اور یہ ملکی ترقی اور توانائی کی بچت میں اہم کردار ادا کریں گے۔