وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں ہلکی پلکی موسیقی چلتی رہتی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ملک کی دو بڑی جماعتیں ہیں، جن کے اپنے اپنے نظریات ہیں مگر پاکستان کے نظریے پر دونوں ایک ہیں، ملک کو درپیش معاشی بحران اور دہشت گردی کی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے محاذ آرائی کی نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔
کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی منصوبوں کی جانب توجہ دلائی ہے، سندھ میں وفاقی حکومت کے منصوبوں پر کام جاری ہے،سیلاب متاثرین کی بحالی میں وفاق اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وفاق کی امداد سے چلنےوالے منصوبوں کو رکنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے نے ملک کوترقی کی مضبوط بنیادیں فراہم کیں، پاکستان نے خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی مقابلہ کرنا ہے، معیشت کو برآمدات کی حامل بنانا ہے، صنعت، زراعت، ٹیکنالوجی،تخلیقی صنعت کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔