پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست اور دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے کہا ہے کہ ہار، جیت کھیل کا حصہ ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپ گریڈیشن اور رنیوویشن کے دوران دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کا فنشنگ ورک 25 جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم کے افتتاح کا پلان ہے، اس تقریب کو یادگار بنایا جائے گا۔ مختلف شخصیات کو بھی مدعو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ ٹیسٹ میچ میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ٹیم فائٹ کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کل صبح لندن روانہ ہوجائیں گے، معاون کوچ اظہر محمود بھی ان کے ساتھ ہوں گے، صائم ایوب کے اسپورٹس کے بہترین ڈاکٹر سے علاج ہوگا۔
پی سی بی سربراہ کے مطابق صائم کے علاج پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صائم پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کی جلد صحت یابی چاہتے ہیں۔