واشنگٹن (نیوز ڈیسک )امریکی نیوز چینل سی این این کے نئے چیف کرس لِچٹ کا کہنا ہے کہ اب چینل پر ’بریکنگ نیوز‘کا بینر استعمال نہیں کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، امریکی نیوز چینل سی این این کے نئے چیف کرس لِچٹ نے اعلان کیا ہے کہ اب چینل پر ’بریکنگ نیوز‘کا بینر صرف انتہائی اہم خبروں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، سی این این کے کچھ صحافی اس وجہ سے حیران ہیں کہ کیا 50 سالہ کرس لِچٹ اتنے بڑے نیوز نیٹ ورک کا انتظام کر سکیں گے یا نہیں، کیونکہ وہ ملازمین کی اتنی بڑی تعداد کے ساتھ کام کرنے کے لیے تجربہ کار نہیں ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کرس لِچٹ نے اپنے پہلے دن ملازمین کو بتایا تھا کہ ’میں یہاں روزانہ ادارتی فیصلہ سازی کے مسائل میں پڑنے کے لیے نہیں ہوں۔‘
ذرائع کے مطابق، کرس لِچٹ کیبل نیوز کے روایتی انداز کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔
کرس لِچٹ کو ان لوگوں کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے جو کہ ادارے کے اندرونی معاملات سے آگاہ ہیں۔
کرس لِچٹ خود پر ہونے والی تنقید سے واقف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ میں کچھ لوگوں کی ترجیحات کی وجہ سے اپنے فیصلے سست روی سے لے رہا ہوں۔
وہ سی این این کے لیے نقطۂ نظر کی ایک وسیع رینج کی تلاش میں ہیں اور سیاسی شوز میں مزید ریپبلکن اور قدامت پسندوں کو مدعو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔