اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی اور گرد و غبار کے طوفان کے بعد ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام جڑواں شہروں میں تیز آندھی اور گرد و غبار کے طوفان کے بعد ہونے والی بارش ہوئی جس سے گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ادھر تیز آندھی کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ اسلام آباد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے آئیسکو کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 80 سے زائد فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ رپورٹ ہوئی ۔
آئیسکو کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں آرچر اسکیم بری امام ، کرپا لوہی بھیر ،آئی نائن 4، ایف 10،جی 10 شامل ہیں جب کہ حسن ابدال، اصغر مال اور کمرشل مارکیٹ میں بھی بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل آیا ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق آپریشن ٹیموں نے متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال کرنے کے لئے کام شروع کر دیا ہے۔ آئیسکو کے ترجمان نے موسم کی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی میں آنے والے عارضی تعطل پر معذرت طلب کی ہے۔
جڑواں شہروں میں تیز آندھی کے بعد بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا








