معروف بھارتی اداکارہ و میزبان ارچنا پورن سنگھ نے کلائی میں فریکچر ہونے کے بعد نئی امید کیساتھ کام پر واپسی کرلی۔
جند روز قبل ارچنا پورن سنگھ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک نیا ویلاگ پوسٹ کیا تھا جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات بتائیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ارچنا راج کمار راؤ کے ساتھ ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اچانک حادثہ پیش آیا جس کے نیتجے میں ان کی کلائی میں فریکچر ہوگیا تھا۔
اس حادثے کے بعد ارچنا پورن سنگھ کو ممبئی کے اناوتی میکس سپر اسپیشیلٹی اسپتال لے جایا گیا جہاں انکی کلائی کی سرجری ہوئی۔
بعد ازاں اداکارہ نے اپنے ویلاگ میں راجکمار راؤ سے شوٹنگ ادھوری چھوڑنے پر معافی بھی طلب کی اور یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ جلد کام پر واپس آئیں گی۔
اب حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں انہوں نے ویلاگ کا ایک منظر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ،’جو ہوتا ہے، اچھے کے لیے ہوتا ہے۔ میں یہی ماننے کی کوشش کر رہی ہوں’۔
ارچنا مزید لکھتی ہیں کہ،’میں بالکل ٹھیک ہوں اور ہمیشہ کی طرح مثبت سوچ رکھ رہی ہوں (بس ایک ہاتھ سے کچھ بھی کام کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے، اب پتہ چل رہا ہے)۔’
ارچنا کی اداکار راجکمار راؤ سے معذرت:
اداکار و میزبان واقعے کو یاد کرتے ہوئے مزید بتاتی ہیں کہ گرنے کے باعث ان کے ہونٹوں کے گرد سوجن بھی آ گئی تھی اور انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ ان کی کلائی فریکچر ہو گئی ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے خوشی کی خبر شیئر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ،’مجھے سرجری کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے اور میں آج رات شوٹنگ پر واپس جا رہی ہوں کیونکہ اگر میں نہ جاؤں تو پروڈکشن کو بڑا نقصان ہوگا۔’
علاوہ ازیں اپنے تازہ ترین ویلاگ میں ارچنا پورن سنگھ نے اس واقعے سے حاصل ہونے والے سبق کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ،’میں نائٹ شفٹ میں کام کر رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔ میں اب بہتر محسوس کر رہی ہوں۔ کل میں شدید صدمے میں تھی۔ میں نے سوچا تھا کہ آپریشن بہت تکلیف دہ ہوگا، لیکن سب ٹھیک رہا۔’
وہ کہتی ہیں کہ،’ میں نے اس تجربے سے کچھ سبق سیکھے ہیں۔ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ جب آپ خود کو تکلیف میں محسوس کرتے ہیں، وقت کے ساتھ سب کچھ سنبھل جاتا ہے۔’
کام کے حوالے سے بات کریں تو ارچنا پورن سنگھ کو حال ہی میں فلم ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو’ میں دیکھا گیا تھا۔ اس فلم میں راجکمار راؤ، ترپتی دمری، ملیکہ شراوت، وجے راز اور دیگر اداکار بھی شامل تھے۔ تاہم، فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہ ہو سکی اور عالمی سطح پر صرف58.03 کروڑ کا بزنس کر پائی۔