اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت سے باہر آ کر پرانے ساتھیوں کو پکارنا شروع کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما حامد خان سے ملاقات کی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے انکشاف کیا کہ انہیں عمران خان سے ملاقات کا پیغام شاہ محمود قریشی نے دیا تھا۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خواہش پر ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ اُن سے بہت سی غلطیاں ہوئی ، اس کے علاوہ یہ بھی مانا کہ میں جس تجربے سے گزرا اُس سے سمجھا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت غلط ہے ،اس سے عدم استحکام آتا ہے جبکہ عمران خان نے یہ بھی مانا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس غلطی تھی، مجھے مس لیڈ کیا گیا۔
حامد خان نے بتایا کہ عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کے بارے میں آپ جو کہتے تھے ٹھیک کہتے تھے،، قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مقدمے پر بھی آپ کی رائے درست تھی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان جب حکومت میں تھے تو قاضی فائز عیسیٰ کیس میں میری بات سن کر ناراض ہو گئے تھے، میرا رویہ ہمیشہ سے اینٹی اسٹیبلشمنٹ رہا ہے۔ میرے خیال سے اسٹیبلشمنٹ کا سیاسی کردار ہونا ہی نہیں چاہیے تاہم اب عمران خان نے میری اس بات سے بھی اتفاق کیا۔
عمران خان کی خواہش پر ملاقات ہوئی۔انہوں نےماناکہ اُن سےبہت سی غلطیاں ہوئی،یہ بھی ماناکہ میں جس تجربےسے گزرا اُس سےسمجھا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت غلط ہےاس سےعدم استحکام آتا ہے۔یہ بھی مانا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کےخلاف ریفرنس غلطی تھی۔ مجھے مس لیڈ کیا گیا۔ حامد خان#GeoNews pic.twitter.com/gjcNv7yQDo
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) June 13, 2022
حامد خان کا کہناتھا کہ ملاقات میں نے عمران خان کو بتایا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان تو چلے گئے مگر اب بھی کچھ لوگ آپ کو مس لیڈ کریں گے جن کا اسٹیبلشمنٹ سے تعلق رہا اور جو موقع پرست ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں حامد خان کے ساتھ نجیب ہارون بھی موجود تھے جب کہ تسنیم نورانی کسی مصروفیت کی وجہ سے ساتھ نہ جا سکے۔









