سبی(مانیٹرنگ ڈیسک )سبی میں جیل روڈ پر دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا سبی کے علاقے جیل روڈ پر ہوا جس میں تین افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی کا کہنا ہےکہ دھماکے کے 28 زخمی سبی ڈسٹرکٹ اسپتال لائے گئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا حبیب چوک کے قریب ہوا جس میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کردیا اور جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا جس کے بعد دھماکے کی نوعیت کا پتا لگ سکے گا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر احسان کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد سبی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔