اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ و پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تہران میں ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے ایرانی صدرکو وزیراعظم شہباز شریف کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور ان کی طرف سے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔اس موقع پر بلاول کا کہنا تھاکہ ایران سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہش مند ہیں۔ بلاول نے اقتصادی اورتوانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا اور کہاکہ علاقائی روابط، بارٹر ٹریڈ کو فعال کرنے کیلئے رابطوں کا تسلسل اہم ہے۔ملاقات میں وزیر خارجہ نے ایرانی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ایرانی صدر کا کہنا تھاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی روابط اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور ایران پاکستان کےساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
بلاول کی ایرانی صدر سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی








