مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ دہشتگردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت کرنا ناگزیر ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وفاق نہ خود افغانستان سے بات کر رہا ہے اور نہ ہمیں بات کرنے دے رہا ہے، وفاق نے افغانستان سے بات چیت کیلئے طے شدہ ٹی او آرز سرد خانے میں ڈال دیے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق تماشا دیکھنے کے بجائے دہشتگردی کے خلاف ٹھوس حکمت عملی بنائے، خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی صرف کے پی کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، دہشتگردی کے قومی مسئلے کے حل کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اندرونی و بیرونی سطح پر دہشتگردی روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، کے پی حکومت دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔